پیٹرول سبسڈی اسکیم؛ کم پیٹرول استعمال کرنے والوں کیلئے بھی ہفتہ وار 500 روپے ریلیف
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے فیول ریلیف اسکیم میں کم مقدار میں پیٹرول استعمال کرنے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ صارفین کے لیے بھی رعایت کا دائرہ بڑھانے کی ہدایت کردی ہے۔
حکومت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق 5 لیٹر سے کم پیٹرول استعمال کرنے والے موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشہ مالکان کو بھی ایک ٹوکن پر ہفتہ وار 500 روپے کی رعایت دی جائے گی۔ اس طرح مستحق صارفین کو ایک ہفتے میں ایک ٹوکن جاری ہوگا جبکہ ایک ماہ کے دوران مجموعی طور پر 4 ٹوکن حاصل کیے جاسکیں گے۔ سرکاری اعلان کے مطابق دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے 500 روپے کا ہفتہ وار ریلیف 5 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت کے برابر ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق خصوصی فیول ریلیف اسکیم کا مقصد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے کم آمدنی والے اور دیگر اہل صارفین کو ہدفی ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اسکیم کے تحت رعایت کی فراہمی کے لیے ڈیجیٹل نظام استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ اہل صارفین تک سہولت پہنچائی جاسکے۔
اس سے قبل حکومت نے موٹرسائیکل، رکشہ اور چنگ چی کے علاوہ 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو بھی فیول ریلیف اسکیم میں شامل کیا تھا۔ ان گاڑیوں کے لیے 10 دن کے حساب سے ایک ہزار روپے کا ریلیف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ ماہانہ بنیاد پر 30 لیٹر تک پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر رعایت دی جارہی ہے۔
حکومت نے اسکیم میں رجسٹریشن کے عمل کو بھی آسان بنانے کے لیے اہم اقدامات کیے ہیں۔ وزیراعظم کی ہدایت پر رجسٹریشن کے لیے بھیجے جانے والے موبائل پیغام کو مفت کردیا گیا ہے، جبکہ اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔
وزیراعظم کی ہدایت پر 20 سال پرانی موٹرسائیکلوں، رکشوں اور چنگ چی رکشوں کو بھی اسکیم میں شامل کیا گیا ہے۔ سرکاری تفصیلات کے مطابق یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ ہونے والی ایسی گاڑیاں بھی رجسٹریشن کے لیے اہل قرار دی گئی ہیں۔
حکومت کے مطابق فیول ریلیف اسکیم کے تحت رعایت ملک بھر میں فراہم کی جارہی ہے، تاہم مختلف شہروں میں رجسٹریشن اور رعایتی پیٹرول کے حصول سے متعلق شہریوں کو بعض مشکلات کا سامنا بھی رپورٹ ہوا ہے۔
پیٹرول ریلیف اسکیم کے لیے اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 75 ارب روپے کی منظوری دی تھی، جس کے تحت دو اور تین پہیوں والی گاڑیوں کے لیے ہفتہ وار جبکہ 800 سی سی تک گاڑیوں کے لیے مخصوص مدت کے حساب سے رعایت مقرر کی گئی ہے۔







