کوئٹہ میں اے ٹی ایم فراڈ کے خلاف کارروائی، این سی سی آئی اے نے ملزم گرفتار کرلیا
کوئٹہ میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے اے ٹی ایم فراڈ میں ملوث مبینہ گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزم کا تعلق سندھ کے شہر حیدرآباد سے بتایا گیا ہے، جبکہ اس کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔
ایس ایچ او این سی سی آئی اے جبار مندوخیل کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ گرفتار ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کوئٹہ، پشین اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں اے ٹی ایم فراڈ کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
حکام کے مطابق ملزمان پر شہریوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے کا الزام ہے۔ گروہ کے ارکان مبینہ طور پر اے ٹی ایم مشینوں کے ذریعے شہریوں کو مالی نقصان پہنچاتے تھے، تاہم فراڈ کی وارداتوں سے متعلق مزید تفصیلات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔
جبار مندوخیل کا کہنا ہے کہ این سی سی آئی اے نے کارروائی مقدمہ نمبر 163/2026 کے تحت کی ہے، جبکہ گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے تاکہ گروہ کے دیگر ارکان اور وارداتوں کے طریقہ کار کا سراغ لگایا جا سکے۔
این سی سی آئی اے حکام کے مطابق ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ سائبر جرائم اور مالی فراڈ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔








