پی ٹی آئی کے 27 ستمبر اسلام آباد لانگ مارچ کا پلان سامنے آگیا
پشاور: پی ٹی آئی کے 27 ستمبر اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے خیبر پختونخوا میں مختلف مقامات پر دھرنوں اور کیمپوں کا منصوبہ سامنے آگیا۔
ذرائع کے مطابق پشاور، خیبر، نوشہرہ، اکوڑہ خٹک، ملاکنڈ، صوابی، مردان، چارسدہ اور جنوبی اضلاع سمیت مختلف مقامات پر دھرنے اور کیمپ لگائے جائیں گے، جبکہ موٹروے اور جی ٹی روڈ کی ممکنہ بندش کی صورت میں وہیں احتجاج کرنے کی حکمت عملی طے کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ہری پور میں حطار، خانپور، جھاری کس اور مکھنیال، ایبٹ آباد میں باریان اور کوہالہ، صوابی میں ٹوپی اور ایم این موٹروے جبکہ لکی مروت میں کنڈل اور کوہاٹ میں خوشحال گڑھ کو کیمپوں کے لیے مختص کیا گیا ہے۔
پارٹی نے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز کو کیمپوں میں شرکت اور انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ ہر ضلع کیمپ میں آنے والے کارکنوں کے لیے خوراک، پانی اور دیگر ضروری اشیا کا انتظام کرے گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 27 ستمبر کا اسلام آباد مارچ کا فیصلہ برقرار ہے اور کارکنوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کیمپ لگائے جا رہے ہیں۔ جہاں مارچ کا راستہ روکا جائے گا، وہاں دھرنا دینے کی حکمت عملی بھی شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی پشاور سے مارچ کی قیادت کریں گے، جبکہ حتمی حکمت عملی کے لیے وزیراعلیٰ نے پشاور میں اجلاس طلب کرلیا ہے۔








