اسلام آباد کے وفاقی اسپتالوں میں ہائی الرٹ، عملے کی چھٹیاں منسوخ

اسلام آباد کے وفاقی اسپتالوں میں ہائی الرٹ، عملے کی چھٹیاں منسوخ

اسلام آباد میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج اور مارچ کی کال کے پیش نظر وفاقی دارالحکومت کے بڑے سرکاری اسپتالوں میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اور پولی کلینک میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں میڈیکل اور نان میڈیکل شعبوں کے سربراہان کی چھٹیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے، جبکہ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اور معاون عملے کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اسپتال انتظامیہ کو کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔

اسلام آباد میں مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے احتجاج اور مارچ کے اعلانات کے بعد انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات بھی کیے جارہے ہیں۔

جماعت اسلامی نے مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی میں کمی کے مطالبات کے لیے اسلام آباد مارچ کا اعلان کر رکھا ہے، جس میں شرکت کے لیے مختلف شہروں سے کارکنان ٹرین کے ذریعے وفاقی دارالحکومت پہنچیں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے بھی 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دے رکھی ہے۔ سیاسی سرگرمیوں کے دوران ممکنہ طور پر زخمیوں یا دیگر ہنگامی مریضوں کی آمد کے پیش نظر وفاقی اسپتالوں میں عملے کی موجودگی اور طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔

More News