کراچی میں ڈاکٹر، اہلیہ اور 3 بچوں سمیت 5 افراد کی لاشیں برآمد
کراچی کے علاقے سائٹ احسن آباد میں ایک فلیٹ سے ڈاکٹر، اس کی اہلیہ اور تین بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ پولیس کے مطابق تمام لاشیں کئی روز پرانی ہیں اور فلیٹ کی ساتویں منزل پر ایک کمرے سے ملی ہیں۔
ایس ایس پی ایسٹ زبیر نذیر شیخ کے مطابق فلیٹ کا دروازہ اندر سے بند تھا، جبکہ جاں بحق ہونے والا شخص ڈاکٹر اور گھر کا کفیل تھا۔ پولیس نے پانچوں لاشوں کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ لاشوں کی حالت کئی روز پرانی ہونے کے باعث موت کی حتمی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔ اصل وجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوگی۔ پولیس نے واقعے کے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ابتدائی طور پر پولیس کی جانب سے شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر خاندان کے افراد نے خودکشی کی، تاہم حکام نے حتمی طور پر کسی نتیجے کا اعلان نہیں کیا۔ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں اور ہدایت کی ہے کہ تحقیقات مؤثر اور مربوط انداز میں مکمل کرکے حتمی نتائج سامنے لائے جائیں۔








