کوہاٹ پولیس لائنز حملے میں 869 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا، بم ڈسپوزل رپورٹ
کوہاٹ پولیس لائنز حملے سے متعلق بم ڈسپوزل یونٹ کی تفصیلی رپورٹ تیار کرکے سنٹرل پولیس آفس ارسال کردی گئی ہے، جس کے مطابق حملے میں مجموعی طور پر 869 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکے کے مقام پر بننے والے گڑھے کا ظاہری قطر 6.6 بائی 11 فٹ جبکہ گہرائی 4.6 فٹ تھی۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے مطابق حملے میں انتہائی طاقتور دھماکا خیز مواد استعمال کیا گیا، جبکہ دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی ابتدائی شناخت بھی کرلی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق کلیئرنس آپریشن کے دوران سپیشل برانچ کی عمارت کے اندر سے نہ پھٹنے والا دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔ گراؤنڈ فلور سے 2 آئی ای ڈیز ملیں، جبکہ پہلی منزل سے ایک خودکش جیکٹ برآمد ہوئی جس میں 4 آئی ای ڈیز نصب تھیں۔
بم ڈسپوزل رپورٹ کے مطابق دھماکے کے بعد حملہ آور پرانا پولیس لائنز کوہاٹ میں داخل ہوئے اور سپیشل برانچ بلاک میں مضبوط مورچہ قائم کیا۔ کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد علاقے کو محفوظ اور کنٹرولڈ قرار دے دیا گیا۔
واضح رہے کہ 18 ستمبر 2026 کو پرانا پولیس لائنز کوہاٹ میں دھماکا ہوا تھا، جس کے بعد سکیورٹی فورسز اور پولیس نے علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا۔








