ملک بھر میں دیرپا امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں: فیلڈ مارشل عاصم منیر
چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ مسلح افواج ملک بھر میں دیرپا امن اور استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں قوم کی غیرمتزلزل حمایت کے ساتھ اپنے عزم پر قائم ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبر پختونخوا کی سکیورٹی صورتحال، جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز اور سرحدی انتظامات سے متعلق جامع بریفنگ دی گئی۔ انہیں صوبے میں تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں اور سرحدی انتظامی اقدامات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
فیلڈ مارشل نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور تیاری کو سراہتے ہوئے انہیں ہر وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج ملک اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے عزم پر قائم ہیں۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔








