فیلڈ مارشل کی فارمیشنز کو ہمہ وقت چوکس رہنے اور اعلیٰ آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت
پشاور: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی موجودہ سکیورٹی صورتحال اور جاری انسدادِ دہشت گردی کارروائیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو صوبے میں جاری انسدادِ دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے تمام فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ ترین آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔
فیلڈ مارشل نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی غیر متزلزل حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔
آرمی چیف نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور آپریشنل تیاری کو سراہا اور عوام کے تحفظ و سلامتی کے لیے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
دورے کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے مادرِ وطن کے دفاع اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کا استقبال کیا۔








