بنوں یونیورسٹی میں مبینہ بے ضابطگیاں، 5 رکنی انکوائری کمیٹی قائم
پشاور: خیبرپختونخوا کی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی بنوں میں مبینہ انتظامی و مالی بے ضابطگیوں اور دیگر شکایات کی تحقیقات کے لیے پانچ رکنی انکوائری کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
محکمہ اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز خیبرپختونخوا کی جانب سے 21 ستمبر 2026 کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکوائری کمیٹی فیکلٹی، اساتذہ اور ملازمین کی انجمن کی جانب سے موصول ہونے والی مختلف شکایات کا جائزہ لے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یونیورسٹی کے دائرہ اختیار سے باہر موجود اداروں کو الحاق دینے، منظور شدہ داخلہ حدود کی مبینہ خلاف ورزی اور امتحانی انتظامات میں بے ضابطگیوں سمیت مختلف معاملات کمیٹی کی تحقیقات کا حصہ ہوں گے۔ رجسٹرار کی تقرری میں مبینہ طور پر ایکٹ کی خلاف ورزی سے متعلق شکایت بھی انکوائری میں شامل کی گئی ہے۔
کمیٹی وائس چانسلر کی جانب سے مبینہ طور پر غیر قانونی ریکوزیشن الاؤنس حاصل کرنے کے معاملے کا بھی جائزہ لے گی۔ اس کے علاوہ غیر رجسٹرڈ اداروں کو الحاق دینے اور ایل ایل بی پروگرام کے مبینہ غیر قانونی یا بے ضابطہ الحاق سے متعلق شکایات بھی زیرِ تحقیق ہوں گی۔
انکوائری کمیٹی ایچ ای سی اور محکمہ اعلیٰ تعلیم کی ہدایات کے مطابق خالی آسامیوں پر تقرری اور انہیں پُر کرنے میں مبینہ انتظامی تاخیر کا بھی جائزہ لے گی۔ کمیٹی کی تحقیقات کے بعد متعلقہ معاملات سے متعلق حقائق اور ذمہ داری کا تعین کیا جائے گا۔








