وفاقی وزیر اطلاعات کا دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ، قیام امن پر زور
پشاور: وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے قومی پیغام امن کمیٹی کے ہمراہ دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان، رکن صوبائی اسمبلی جلال خان، قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر کے علماء کرام بھی موجود تھے۔
دارالعلوم آمد پر نائب مہتمم مولانا راشد الحق حقانی، جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی، مولانا سید محمد یوسف شاہ اور دیگر علماء نے وفاقی وزیر کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران قیام امن، مذہبی ہم آہنگی، ملک میں امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات اور کمیٹی اراکین نے دارالعلوم کے مختلف حصوں اور تاریخی جامع مسجد عبدالحق کا دورہ بھی کیا، جہاں انہیں ادارے کی دینی و تعلیمی خدمات سے آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی، مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا سمیع الحق شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی۔
علماء کرام نے قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے قیام امن اور قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے دہشت گردی کے خاتمے اور امن کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں پر زور دیا۔







