وزیراعظم شہباز شریف کی اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو مذاکرات کی دعوت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کو ایک اور خط لکھ کر مذاکرات کی دعوت دے دی۔ خط میں وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان ملاقات اور الیکشن کمیشن میں تعیناتیوں سے متعلق امور پر بات چیت کی پیشکش کی گئی ہے۔
اپوزیشن ترجمان اخوانزادہ حسین یوسفزئی نے وزیراعظم کا خط موصول ہونے کی تصدیق کردی۔ ان کے مطابق حکومت کی جانب سے ماضی کی ملاقاتوں میں کیے گئے وعدوں سے پیچھے ہٹنے کا تاثر مل رہا ہے، تاہم انہوں نے توقع ظاہر کی کہ رانا ثنا اللہ اور دیگر حکومتی رہنما اپنی بات پر قائم رہیں گے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور محمود خان اچکزئی کے درمیان چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے ارکان کی تقرری کے معاملے پر رابطہ ہوچکا ہے۔ 11 ستمبر کو بھی وزیراعظم نے نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے آئینی مشاورت کے سلسلے میں اپوزیشن لیڈر کو دعوت دی تھی، جس کے بعد دونوں دفاتر کے درمیان ملاقات طے کرنے کیلئے مشاورت شروع ہوئی تھی۔








