تخت بھائی میں جعلی پولیس وردی میں ملبوس شخص ساتھی سمیت گرفتار
مردان: تحصیل تخت بھائی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی پولیس وردی میں ملبوس شخص کو ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق تھانہ تخت بھائی کے ایس ایچ او انسپکٹر پرویز خان اور اے ایس آئی جہانگیر خان نے پولیس نفری کے ہمراہ خفیہ اطلاع پر ٹکر چوک میں کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران جعلی ڈی ایس پی کی وردی میں ملبوس محمد فاضل ولد ہمایون سکنہ ڈگر بونیر کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس نے ملزم کے دوسرے ساتھی ڈرائیور اعجاز علی ولد عبدالغفار سکنہ نوشہرہ کلاں کو بھی حراست میں لے لیا۔ دونوں ملزمان کے قبضے سے ایک ایکس ایل آئی کار، رجسٹریشن نمبر CBA-730، بھی تحویل میں لے لی گئی۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اس سے قبل مختلف تھانوں کو نوسربازی اور دھوکہ دہی سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھے۔
تخت بھائی پولیس نے دونوں ملزمان کے خلاف دفعات 419، 420، 170، 171 اور 109 کے تحت مقدمات درج کرلیے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید معلومات حاصل کرنے کے لیے تفتیش مختلف پہلوؤں سے جاری ہے۔








