ٹی 20 ورلڈکپ: جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں کا آئی سی سی پر ملک واپسی کے انتظامات نہ ہونے پر احتجاج
رپورٹ: ویب ڈیسک
کولکتہ: ٹی 20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد جنوبی افریقہ کے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) پر ملک واپسی کے انتظامات نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔
جنوبی افریقہ کے وکٹ کیپر کوئنٹن ڈی کوک نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ آئی سی سی نے ابھی تک ہم سے کوئی رابطہ نہیں کیا، جبکہ انگلینڈ کی ٹیم پہلے ہی واپس روانہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیموں کو غیر یقینی صورتحال میں رکھا گیا ہے۔
اسی طرح جنوبی افریقہ کے بیٹسمین ڈیوڈ ملر نے کہا کہ انگلینڈ کی ٹیم کے لیے چارٹرڈ طیارے کا انتظام جلد کر دیا گیا، لیکن ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں چارٹرڈ پر واپس جانے کے لیے کولکتہ میں کئی دن سے انتظار کر رہی ہیں۔ ڈیوڈ ملر کے مطابق جنوبی افریقہ کی ٹیم چار دن سے اور ویسٹ انڈیز کی ٹیم سات دن سے جواب کے منتظر ہے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے کھلاڑی بھی سوشل میڈیا کے ذریعے آئی سی سی کے ملک واپسی کے انتظامات پر شدید تنقید کر چکے ہیں۔








