نیوزی لینڈ کی جیت کی امیدیں عروج پر: ٹی 20 ورلڈ کپ فائنل آج احمد آباد میں
ویب ڈیسک
آج ٹی 20 ورلڈ کپ کا بڑا فائنل احمد آباد میں کھیلا جائے گا، جہاں نیوزی لینڈ اور میزبان بھارت کے درمیان ورلڈ کپ کا تاج جیتنے کے لیے معرکہ ہوگا۔ نیوزی لینڈ پہلی بار محدود اوورز کے اس اعزاز کو اپنے نام کرنے کی پوری کوشش کرے گی، اور ٹیم کے کھلاڑی اس چیلنج کے لیے پرعزم ہیں۔
کیوی بیٹنگ لائن کے اہم کھلاڑی فن ایلن، ٹم سائفرٹ اور راچن رویندرا سے بڑے اسکور کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ بھارتی مضبوط بیٹنگ لائن کو نشانہ بنانے کی ذمہ داری بولنگ اسٹارز لوکی فرگوسن اور میٹ ہینری پر ہوگی۔ نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کہا کہ “اگر ٹرافی کے لیے چند دل توڑنے بھی پڑیں تو کوئی پروا نہیں، ٹیم جیت کے لیے ہر حد تک جائے گی۔”
نیوزی لینڈ کی ٹیم محدود اوورز کے عالمی ایونٹس میں تجربہ کار ہے، اور فائنل میں اس کی حکمت عملی اسپنرز اور فاسٹ بولرز کے امتزاج پر مرکوز ہوگی تاکہ بھارتی بیٹنگ لائن کو قابو میں رکھا جا سکے۔ بیٹنگ میں فن ایلن کی فارم اور ٹم سائفرٹ کا تجربہ، ٹیم کو بڑا اسکور بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔
بھارت کی ٹیم بھی تاریخی اعزاز برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی، لیکن نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں اپنی عزم و حوصلے کی بھرپور جھلک دکھائی ہے اور آج کے میچ میں وہ پہلی بار عالمی کپ جیتنے کے لیے پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔








