کور کمانڈرز کانفرنس میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ، تیاری برقرار رکھنے پر زور

کور کمانڈرز کانفرنس میں سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ، تیاری برقرار رکھنے پر زور

راولپنڈی: چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 277ویں کور کمانڈرز کانفرنس جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں منعقد ہوئی، جس میں ملک کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور قومی سلامتی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سول سوسائٹی کے ان شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کی جنہوں نے مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شرکاء نے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور سیکیورٹی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی تیاری برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

کانفرنس میں پاکستان کے حقِ دفاع اور افغانستان سے جنم لینے والی دہشتگردی کے خلاف ہدفی کارروائی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے افغانستان میں طالبان قیادت پر دہشتگردی کی سہولت کاری کا الزام عائد کرتے ہوئے اس کے نتائج کی ذمہ داری بھی طالبان قیادت پر عائد کی۔

فورم نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ انسداد دہشتگردی کارروائیوں کو سراہا۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ سیکیورٹی آپریشنز کے ساتھ غیر عسکری اقدامات بھی ضروری ہیں، جن میں نچلی سطح پر عوامی ضروریات کے مطابق طرز حکمرانی، عوام سے مؤثر رابطہ، دہشتگردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ اور پولیس کی استعداد کار میں اضافہ شامل ہے۔

کانفرنس میں نیشنل ایکشن پلان اور وژن عزمِ استحکام کے مطابق اقدامات جاری رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔ فورم نے اندرونی استحکام کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی بہانے سے بدامنی یا 9 مئی جیسی صورتحال پیدا کرنے کی کوشش سے قانون کے مطابق فیصلہ کن انداز میں نمٹا جائے گا۔

فورم نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کا خیرمقدم کیا اور اسے دیرینہ اسٹریٹجک و اجتماعی دفاعی تعلقات کے لیے اہم قرار دیا۔

شرکاء نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور حرمین شریفین کی سلامتی و تقدس کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ فورم نے مقبوضہ جموں و کشمیر کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق تنازع کے حل کی حمایت بھی دہرائی۔

اختتامی کلمات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے فارمیشنز کی آپریشنل تیاری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ انہوں نے کمانڈرز کو انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کو مزید مضبوط بنانے اور جدید ٹیکنالوجی، تربیت اور ملٹی ڈومین انٹیگریشن کے ذریعے جنگی صلاحیتوں میں اضافے کی ہدایت کی۔

More News