خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں کارروائیاں، 11 دہشتگرد ہلاک، کئی ٹھکانے تباہ
خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیوں کے دوران 11 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق جنوبی وزیرستان میں فتنہ الخوارج کے 5 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے علاقوں گورندر اور ماشکیل میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کارروائیوں میں مزید 6 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔ ماشکیل میں دہشتگردوں نے چیک پوسٹ پر فائرنگ کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائیوں میں دہشتگردوں کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا گیا جبکہ متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔ سکیورٹی فورسز نے ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائیوں پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔








