جنوبی کوریا میں مالیاتی اداروں پر سائبر حملے، بینکوں کو ہیکنگ سے خبردار کردیا گیا

جنوبی کوریا میں مالیاتی اداروں پر سائبر حملے، بینکوں کو ہیکنگ سے خبردار کردیا گیا

جنوبی کوریا میں مالیاتی اداروں پر حالیہ سائبر حملوں کے بعد حکام نے بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں کو ممکنہ ہیکنگ کے خطرے سے خبردار کردیا۔ حکام کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ امکان سامنے آیا ہے کہ حملہ آوروں نے سائبر حملوں کے دوران مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا استعمال کیا ہو۔

رپورٹ کے مطابق اب تک 7 مالیاتی ادارے سائبر حملوں سے متاثر ہوئے ہیں۔ حملہ آوروں نے براہ راست بنیادی بینکاری یا ادائیگی کے انتہائی محفوظ نظام کو نشانہ بنانے کے بجائے کاروباری معاونت اور ملازمین کے زیر استعمال نسبتاً کم محفوظ سسٹمز تک رسائی حاصل کی، جہاں سے صارفین کا ذاتی ڈیٹا حاصل کیے جانے کا خدشہ ہے۔

جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ نے متعلقہ حکام کو تحقیقات تیز کرنے اور ممکنہ نقصان کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام ضروری وسائل استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تحقیقات کے دوران 28 مشتبہ آئی پی ایڈریسز بھی مالیاتی اداروں کے ساتھ شیئر کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق مصنوعی ذہانت کے ذریعے ہیکرز سسٹمز میں موجود کمزوریوں کی نشاندہی اور سائبر حملوں کے مختلف مراحل کو زیادہ تیزی سے انجام دے سکتے ہیں، جس سے روایتی دفاعی نظام کے لیے خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

مالیاتی حکام نے بینکوں اور دیگر اداروں کو بیرونی طور پر قابل رسائی آئی ٹی سسٹمز، تصدیقی طریقۂ کار اور صارفین کے رسائی اختیارات کا ہنگامی جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعظم نے بھی خبردار کیا ہے کہ اے آئی کو فِشنگ حملوں میں استعمال کیے جانے سے فراڈ اور ڈیٹا چوری کے خطرات مزید بڑھ سکتے ہیں۔

More News