کوہاٹ میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملہ، 4 اہلکار زخمی
کوہاٹ میں شادی پور پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس ترجمان کے مطابق حملے کے بعد زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق دہشت گرد حملے کے دوران گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ پولیس اہلکاروں نے حملہ آوروں کے خلاف فوری جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں دہشت گرد فرار ہونے پر مجبور ہوگئے۔
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، جبکہ پولیس اور سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں مشتبہ افراد اور حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔ واقعے کے بعد اطراف کے علاقوں میں بھی سکیورٹی اقدامات بڑھا دیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد حملے سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے، جبکہ زخمی پولیس اہلکاروں کی حالت کے بارے میں بھی اسپتال انتظامیہ سے مزید معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔








