صوابی میں پولیس کی بڑی کارروائی، بین الضلاعی موٹرسائیکل چور گروہ گرفتار
صوابی میں تھانہ یارحسین پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے بین الضلاعی موٹرسائیکل چور گروہ کے تین ارکان کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے 9 چوری شدہ موٹرسائیکلیں برآمد کرلی گئیں۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد اسماعیل، حضر علی اور نوید کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 7 عدد 70 سی سی جبکہ 2 عدد 125 سی سی ہونڈا موٹرسائیکلیں برآمد کی گئی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں اور مختلف علاقوں میں موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں سرگرم تھے۔ ابتدائی کارروائی کے دوران برآمد ہونے والی موٹرسائیکلوں سے متعلق مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔
ڈی پی او صوابی وقاص رفیق نے پولیس کارروائی کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
ڈی پی او کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلا تفریق جاری رکھی جائیں گی۔ پولیس حکام کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کا مقصد شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا اور چوری سمیت دیگر جرائم کی روک تھام کو یقینی بنانا ہے۔








