نعروں اور ٹک ٹاک ویڈیوز سے صوبے نہیں چلتے، امیر مقام کی پی ٹی آئی پر تنقید

نعروں اور ٹک ٹاک ویڈیوز سے صوبے نہیں چلتے، امیر مقام کی پی ٹی آئی پر تنقید

اسلام آباد: وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما انجینئر امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی 13 سالہ حکمرانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے نعروں اور ٹک ٹاک ویڈیوز سے نہیں چلتے، بلکہ عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات ضروری ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی کو مسلسل 13 سال سے اقتدار حاصل ہے، تاہم اس عرصے کے باوجود صوبے کو درپیش بنیادی مسائل حل نہیں کیے جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور وزیراعلیٰ کی توجہ عوامی مسائل کے بجائے سیاسی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پر زیادہ نظر آتی ہے۔ ان کے مطابق حکومت کو صوبے میں امن و امان، ترقی، روزگار اور عوامی سہولیات جیسے بنیادی معاملات پر توجہ دینی چاہیے۔

امیر مقام نے خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر دہشتگردی اور دیگر ناخوشگوار واقعات پیش آرہے ہیں، جس کے باعث عوام کو مشکلات اور عدم تحفظ کا سامنا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے طویل عرصے سے مختلف مسائل کا سامنا کیا ہے اور اب انہیں سیاسی نعروں کے بجائے عملی اقدامات اور بہتر حکمرانی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پر زور دیا کہ سیاسی سرگرمیوں کے بجائے عوامی مسائل کے حل اور صوبے میں امن و امان کی بہتری پر توجہ دی جائے۔

More News