پشین میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، افغانستان سے اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام

پشین میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی، افغانستان سے اسلحہ اسمگلنگ کی کوشش ناکام

راولپنڈی :سیکیورٹی فورسز اور ایف سی بلوچستان نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے اسلحہ اور گولہ بارود کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع پشین کے علاقے سرانان میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران ایک گودام پر چھاپہ مار کر اسلحہ اور گولہ بارود سے بھری گاڑی قبضے میں لے لی گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران گاڑی سے 3 راکٹ پروپیلڈ گرینیڈز (آر پی جی)، 4 لائٹ مشین گنز، ایک مشین گن، دستی بم، راکٹس اور بھاری مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں دہشت گرد عناصر کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سرچ آپریشن جاری ہے۔

سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

More News