پی ٹی آئی تتر بتر ہوگئی، سسٹم ری بوٹ ہوگا، دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، فیصل واوڈا

پی ٹی آئی تتر بتر ہوگئی، سسٹم ری بوٹ ہوگا، دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کریں گے، فیصل واوڈا

اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تتر بتر ہوگئی ہے اور اب پورا نظام ری بوٹ ہوگا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا اور آئندہ 180 دن اہم ہوں گے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا نے خیبر پختونخوا کی گزشتہ 13 سالہ حکمرانی پر تنقید کی اور کہا کہ اس عرصے میں صوبے نے صرف تباہی دیکھی۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال تشویشناک رہی اور صوبے کے عوام مشکلات کے باعث باہر نہیں نکلے۔

فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی پر دہشتگردوں سے گٹھ جوڑ کا الزام بھی عائد کیا اور دعویٰ کیا کہ پارٹی کے اندر اختلافات ہیں جبکہ اس کے نعرے عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومتی سیٹ اپ کارکردگی نہ دکھا سکا تو نئے لوگ سامنے آئیں گے۔

سینیٹر فیصل واوڈا نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج، پولیس اور عام شہریوں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے فیلڈ مارشل کی خدمات کی قدر کرنے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج قربانیاں دینے کے ساتھ ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنے، سرمایہ کاری لانے اور دہشتگردی کے خلاف لڑنے میں بھی کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی دہشتگردی کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہیے اور محافظوں کی قربانیوں کے باوجود کسی کو خاموش تماشائی بننے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں کو پاکستان کی خدمت کے لیے الگ سیاسی جماعت بنانے کا مشورہ بھی دیا۔

More News