ڈیرہ اسماعیل خان میں دفعہ 144 نافذ، 30 روز تک جلسوں اور ڈبل سواری پر پابندی
ڈیرہ اسماعیل خان میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 30 روز کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر حکمت اللہ کی جانب سے جاری احکامات کے مطابق دفعہ 144 کا اطلاق پورے ضلع میں ہوگا۔ اس اقدام کا مقصد عوام کی سیکیورٹی یقینی بنانا اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ ہے۔
انتظامیہ کے فیصلے کے تحت ضلع بھر میں ہر قسم کے جلسے، جلوس، ریلیوں اور عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ موٹر سائیکل پر ڈبل سواری، عمومی اسلحے کی نمائش اور سڑکوں پر بلاجواز خیمے یا کیمپ لگانے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق یہ اقدامات سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیے گئے ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے اور علاقے میں امن و امان برقرار رہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ انتظامیہ کے جاری کردہ احکامات پر عمل کریں اور خلاف ورزی سے گریز کریں۔








