پشاور میں کرکٹ کے شائقین کا جوش عروج پر، صوبے میں مزید بڑے میچز کی میزبانی ممکن
پشاور (كاشف عارف)
خیبرپختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس تاشفین حیدر نے کہا ہے کہ صوبے میں کرکٹ کے مداحوں کا جوش و خروش بے مثال ہے اور پشاور قومی اور بین الاقوامی کرکٹ مقابلوں کی میزبانی کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے تاشفین حیدر نے بتایا کہ پشاور میں کامیاب نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے انعقاد کے بعد دیگر بڑے میچز کی میزبانی میں بھی کوئی دشواری نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے کرکٹ کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔
ڈی جی سپورٹس کے مطابق پشاور کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 11 کے ایک میچ کی میزبانی دی گئی ہے جبکہ مزید میچز کے انعقاد کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور توقع ظاہر کی کہ مستقبل میں پشاور کو مزید اہم میچز کی میزبانی ملے گی۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی تنصیب کے کام کو جلد مکمل کرنے کے لیے کنٹریکٹر کو طلب کیا گیا ہے جبکہ حیات آباد کرکٹ اسٹیڈیم کو جدید سہولیات سے اپ گریڈ کرنے کا عمل بھی جاری ہے۔ اس منصوبے کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں شامل کیا گیا ہے۔
تاشفین حیدر نے امید ظاہر کی کہ بہتر انتظامات اور جدید سہولیات کی بدولت پشاور میں مستقبل میں مزید بڑے کرکٹ ایونٹس منعقد کیے جا سکیں گے۔








