ڈی پی او سوات کا اعلیٰ سطحی اجلاس، جرائم کی روک تھام اور سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

ڈی پی او سوات کا اعلیٰ سطحی اجلاس، جرائم کی روک تھام اور سیکیورٹی مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

سوات: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی زیرِ صدارت ڈی پی او آفس میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلع بھر کے تمام ایس ڈی پی اوز نے شرکت کی۔ اجلاس میں موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جرائم کی روک تھام کے لیے جاری اقدامات اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او محمد عمر خان نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے تمام ایس ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ اپنے اپنے علاقوں میں منشیات فروشی، چوری، ڈکیتی، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے مؤثر ناکہ بندیاں کی جائیں۔ اس کے علاوہ نائٹ پٹرولنگ اور معمول کے گشت کو مزید مؤثر بنایا جائے اور ان انتظامات کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے۔

ڈی پی او سوات نے افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ ڈیوٹی کے ساتھ دفاتر میں آنے والے سائلین کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر سنے جائیں اور ان کے فوری حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے دہشت گرد عناصر کی سرگرمیوں کی بروقت نشاندہی اور انٹیلی جنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرنے پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی کا شبہ ہو، وہاں دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے مربوط کارروائیاں کی جائیں۔

محمد عمر خان نے مزید کہا کہ امن و امان برقرار رکھنا تمام متعلقہ اداروں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ اس مقصد کے لیے مرکزی شاہراہوں اور مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی بڑھائی جائے، جبکہ ڈسٹرکٹ پولیس، ایلیٹ فورس، کیو آر ایف اور ابابیل اسکواڈ کے اہلکاروں کو مختلف روٹس پر پٹرولنگ کے لیے تعینات رکھا جائے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

ترجمان سوات پولیس کے مطابق اجلاس میں جرائم کی روک تھام، عوامی تحفظ اور ضلع میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا۔

More News