درزی کی بیٹی ڈاکٹر بن گئی، دانش اسکول نے ڈاکٹر علینہ کے خوابوں کو حقیقت بنا دیا

درزی کی بیٹی ڈاکٹر بن گئی، دانش اسکول نے ڈاکٹر علینہ کے خوابوں کو حقیقت بنا دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے دانش اسکول سے تعلیم حاصل کرکے کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سے میڈیکل کی ڈگری حاصل کرنے والی ڈاکٹر علینہ سمیت دیگر ہونہار طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

دانش اسکول اسلام آباد کی افتتاحی تقریب میں ڈاکٹر علینہ نے اپنی کامیابی کی داستان بیان کرتے ہوئے بتایا کہ والد کے انتقال کے بعد دانش اسکول نے انہیں سہارا دیا اور ایسا ماحول فراہم کیا جہاں وہ اعتماد کے ساتھ اپنے خواب پورے کرنے کی جدوجہد کر سکیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں باصلاحیت بچوں کی ترقی کی راہ میں مالی مشکلات بڑی رکاوٹ ہیں۔ غریب اور محروم خاندانوں کے بچے اکثر وسائل کی کمی کے باعث معیاری تعلیم حاصل کرنے کے مواقع سے محروم رہ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسی محرومی کو ختم کرنے اور مستحق بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے 2010 میں دانش اسکولز کا منصوبہ شروع کیا گیا تھا، تاکہ ہونہار طلبہ کو بھی بہتر تعلیمی سہولیات اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع مل سکیں۔

وزیراعظم نے دانش اسکولز کا دائرہ کار پنجاب سے بڑھا کر پورے پاکستان، بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، تک پھیلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق طلبہ کو جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی لیبارٹریز سمیت جدید تعلیمی سہولیات فراہم کرنے پر بھی توجہ دی جائے گی۔

ڈاکٹر علینہ کی کامیابی اس بات کی مثال ہے کہ تعلیمی مواقع اور معاون ماحول محروم طبقات کے بچوں کو اپنے خواب پورے کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

More News