وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں دانش اسکول کا افتتاح کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی سے پشاور تک ہر بچے اور بچی کو تعلیم اور ترقی کے مساوی مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دانش اسکولز کے طلبہ کی کامیابیاں انتہائی متاثر کن ہیں۔ پاکستانی نوجوانوں میں اپنی زندگیوں کے ساتھ ملک کی تقدیر بدلنے کی بھی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی ذہانت، محنت اور انتھک کوششوں کے ذریعے پاکستان کو اقوام عالم میں نمایاں مقام دلا سکتے ہیں۔ مالی مشکلات کی وجہ سے کسی بھی ذہین بچے کو معیاری تعلیم سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ غریب خاندانوں کے بچے ایچی سن جیسے بڑے تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، اسی محرومی کو ختم کرنے کے لیے 2010 میں دانش اسکولز کے منصوبے کی بنیاد رکھی گئی، تاکہ مستحق اور باصلاحیت بچوں کو معیاری تعلیم کے یکساں مواقع میسر آ سکیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ دانش اسکولز نے ثابت کیا ہے کہ پاکستانی قوم رنگ، نسل اور صوبائی تفریق سے بالاتر ہو کر ایک ہے۔ یہ منصوبہ پنجاب سے نکل کر اب ملک کے دیگر حصوں تک پھیل رہا ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں دانش اسکولز کی تعمیر جاری ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ دانش اسکولز میں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی لیبارٹریز بھی قائم کی جائیں گی، تاکہ طلبہ کو جدید تقاضوں کے مطابق تعلیم اور تربیت فراہم کی جا سکے۔

More News