ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ کا محکمہ مال کے دفتر کا ہنگامی دورہ، عوامی شکایات فوری حل کرنے کی ہدایت

ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ کا محکمہ مال کے دفتر کا ہنگامی دورہ، عوامی شکایات فوری حل کرنے کی ہدایت

ایبٹ آباد: کمشنر ہزارہ ڈویژن شاہ رخ علی خان نے گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد محکمہ مال کے دفتر کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا اور عوام کو درپیش مسائل و شکایات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر کمشنر ہزارہ نے متعلقہ افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور سائلین کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کا بروقت حل انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے۔ تمام افسران اپنے دفاتر میں آنے والے شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور انہیں بلاوجہ دفاتر کے چکر لگانے سے بچایا جائے۔

کمشنر ہزارہ نے محکمہ مال کے افسران کو زیرِ التوا معاملات جلد نمٹانے اور ریونیو امور میں شفافیت، میرٹ اور قانون کی مکمل پاسداری یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوامی خدمت میں غفلت برتنے والے افسران اور اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر حمداللہ خان، اسسٹنٹ کمشنر افراء سیاب ہنڈل اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

More News