شمالی وزیرستان: جی او سی 7 ڈویژن کی زیرِ صدارت مچہ مدا خیل کے ملک و مشران کا اہم جرگہ
شمالی وزیرستان: میرانشاہ میں 20 اکتوبر 2026 کو جی او سی 7 ڈویژن کی زیرِ قیادت مچہ مدا خیل کے ملک و مشران، علمائے کرام اور دیگر عمائدین کا اہم جرگہ منعقد ہوا، جس میں علاقے کی سیکیورٹی صورتحال، پائیدار امن کے قیام اور مقامی آبادی کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
جرگے کے دوران جی او سی 7 ڈویژن نے امن و استحکام کے فروغ کے لیے ملک و مشران اور علمائے کرام کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے عوامی مسائل کے حل کے لیے باہمی مشاورت، مؤثر رابطوں اور مشترکہ تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر شرکاء نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے اور عوام کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر گفتگو کی۔
جرگے میں شریک ملک و مشران نے علاقے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے لیے پاک فوج کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے اور مشترکہ اقدامات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
جرگے کے اختتام پر شرکاء نے باہمی اعتماد، مؤثر رابطوں اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا تاکہ شمالی وزیرستان میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








