خیبرپختونخوا میں امتحانی مراکز کی سخت نگرانی کا فیصلہ، خصوصی سکواڈز تشکیل
پشاور: خیبرپختونخوا میں امتحانی نظام کو شفاف بنانے اور نقل کی روک تھام کے لیے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے خصوصی مانیٹرنگ سکواڈز تشکیل دے دیے ہیں، جو امتحانی مراکز کی نگرانی کریں گے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق مانیٹرنگ سکواڈز امتحانی پرچوں کے آغاز سے قبل اچانک مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کریں گے اور پرچہ ختم ہونے تک وہاں موجود رہیں گے۔ اس دوران امتحانی عمل، انتظامات اور طلبہ کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھی جائے گی۔
نئے لائحہ عمل کے تحت سکواڈز کی ذمہ داری امتحانی مراکز میں نقل، بے ضابطگیوں اور انتظامی کوتاہیوں کی نشاندہی کرنا اور ان کی روک تھام کے لیے فوری اصلاحی اقدامات تجویز کرنا ہوگی۔
محکمہ تعلیم کے مطابق مانیٹرنگ سکواڈز اور متعلقہ تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز کو امتحانی مراکز کی صورتحال سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر تفصیلی رپورٹس ارسال کی جائیں گی، تاکہ مسائل کا بروقت جائزہ لے کر ضروری فیصلے کیے جا سکیں۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ مانیٹرنگ سکواڈز کا دائرہ کار صرف امتحانی عمل کی نگرانی تک محدود ہوگا اور معائنے کے دوران انہیں کسی بھی غیر متعلقہ سرگرمی میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس اقدام کا مقصد امتحانی عمل میں شفافیت کو یقینی بنانا، نقل کی حوصلہ شکنی کرنا اور طلبہ کو منصفانہ ماحول فراہم کرنا ہے۔








