اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آج جاری کرنے کا حکم، الیکشن کمیشن حکومت پر برہم
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات میں مسلسل تاخیر کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2015 کے تحت انتخابات کرانے کا حکم دے دیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے اعلان کیا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا شیڈول آج ہی جاری کیا جائے گا۔
سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کیا۔ کمیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے بارہا یقین دہانیوں کے باوجود انتخابی عمل آگے نہیں بڑھ سکا۔
سماعت میں الیکشن کمیشن کے اسپیشل سیکرٹری ظفر اقبال ملک نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے جاری کردہ بلدیاتی آرڈیننس کی مدت 6 ستمبر کو ختم ہو چکی ہے، جبکہ حتمی حلقہ بندیوں کی فہرست 14 اکتوبر کو شائع کی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق وزارتِ داخلہ کو متعدد مرتبہ خطوط لکھنے کے باوجود بلدیاتی انتخابات کے قواعد فراہم نہیں کیے گئے، جبکہ نئے قانون کی عدم موجودگی میں 2015 کے قانون کے تحت انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دیے کہ 2015 کے قانون کے تحت انتخابات کرانے سے حلقہ بندیوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ آئین کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد ضروری ہے اور اس عمل کو مزید تاخیر کا شکار نہیں ہونے دیا جا سکتا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں آخری بلدیاتی انتخابات 2015 میں ہوئے تھے، جبکہ منتخب بلدیاتی حکومت کی مدت فروری 2021 میں ختم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد قانون سازی اور انتظامی معاملات کے باعث نئے انتخابات مسلسل تاخیر کا شکار رہے۔
الیکشن کمیشن کے اس فیصلے کے بعد وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔ تاہم انتخابی شیڈول کے اجرا کے بعد ہی پولنگ سمیت دیگر مراحل کی تاریخیں واضح ہوں گی۔








