خیبرپختونخوا: بیشتر اضلاع میں آج سے مزید بارشیں اور برفباری کی پیشگوئی، پی ڈی ایم اے الرٹ
پشاور:ویب ڈیسک
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے 20 مارچ تک تیز ہواوں، گرج چمک کے ساتھ مزید بارشوں اور بالائی علاقوں میں برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے تمام ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کر دیا ہے اور احتیاطی اقدامات کی ہدایات جاری کی ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق دیر اپر و لوئر، چترال اپر و لوئر، سوات، کوہستان اپر و لوئر، کولائی پالس، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ اور مہمند کے اضلاع میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ کوہاٹ، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر، اورکزئی، کرم، ہنگو، کرک، بنوں، لکی مروت، شمالی و جنوبی وزیرستان، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد، بٹگرام، بونیر، بالائی و زیریں چترال، بالائی و زیریں دیر، خیبر، بالائی و زیریں کوہستان، کولائی پالس، کرم، ملاکنڈ، مانسہرہ، مہمند، اورکزئی، شانگلہ، سوات، تورغر اور شمالی وزیرستان میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جبکہ تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بعض حساس مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کا بھی خدشہ ہے۔
اعلامیہ میں تمام ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ نکاسی آب کے نظام کی صفائی، مقامی آبادی، سیاحوں اور مسافروں کو بروقت آگاہی فراہم کی جائے، جبکہ کاشتکاروں اور مال مویشی پال حضرات کو اپنی فصلوں اور جانوروں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔








