مردان: رمضان مالی امداد میں مبینہ کٹوتی، ویڈیوز وائرل، تحقیقات کا مطالبہ
مردان: ضلع مردان میں رمضان مالی امداد میں مبینہ طور پر پانچ ہزار روپے کی ناجائز کٹوتی کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ اس حوالے سے ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں۔
وائرل ویڈیوز میں ایک کارکن کو رقم لیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جس پر ایم پی اے امیر فرزند کے ساتھ اس کی نوک جھونک بھی سامنے آئی ہے۔ ایم پی اے نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق امدادی رقم مستحق افراد کے بجائے من پسند افراد میں تقسیم کیے جانے کی شکایات بھی سامنے آ رہی ہیں، جبکہ مردان کے مختلف علاقوں میں اسی نوعیت کے مزید واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔
گاؤں گھڑی کپور میں بھی متعدد متاثرین سامنے آئے ہیں، جنہوں نے امدادی رقم میں کٹوتی کے الزامات عائد کیے ہیں۔
ان واقعات کے بعد علاقہ مکینوں میں شدید تشویش پائی جاتی ہے اور شہریوں نے شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی اپیل کی ہے۔








