قومی کرکٹرز سے مبینہ فراڈ کا معاملہ، اسامہ میر اپنے ساتھ ہونیوالے فراڈ کے حوالے سے بول پڑے

قومی کرکٹر اسامہ میر نے فراڈ کے معاملے میں قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا

ویب ڈیسک:

پاکستانی لیگ کے اسپنر اسامہ میر نے قومی کرکٹرز سے مبینہ فراڈ کے معاملے پر اپنے ساتھ ہونے والے دھوکہ دہی کے حوالے سے بات کی ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں اسامہ میر نے بتایا کہ عبدالرحمان نامی شخص نے ان سے 8 لاکھ درہم کی سرمایہ کاری کے بدلے منافع دینے کا وعدہ پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاری کے دستاویزات اور پیغامات کا تبادلہ موجود ہے اور فراڈ کے حوالے سے متعلقہ اداروں سے تعاون بھی طلب کریں گے۔

اسامہ میر کے مطابق نہ تو سرمایہ کاری کا منافع ملا اور نہ ہی اصل رقم واپس کی گئی، جبکہ گارنٹی کے لیے دیے گئے پلاٹس کے دستاویزات بھی فراڈ ثابت ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس شخص کے ساتھی بھی جھوٹ پر مبنی دعوے کرتے رہے اور اب رابطہ بھی نہیں ہو رہا۔

ذرائع کے مطابق اسامہ میر سمیت پاکستان کے کئی معروف کرکٹرز اس پارٹنر شپ میں شامل تھے، تاہم اسامہ میر واحد کرکٹر ہیں جو اس فراڈ کو سامنے لا سکے۔ دیگر کرکٹرز خوفزدہ ہیں کہ معاملہ سامنے لانے سے ان کے کروڑوں روپے ضائع ہو سکتے ہیں۔

اسامہ میر نے اعلان کیا کہ وہ سیالکوٹ واپس پہنچ کر قانونی کارروائی کے لیے ہر ممکن دروازہ کھٹکھٹائیں گے۔

More News