خیبرپختونخوا میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، اختیار ولی خان

خیبرپختونخوا میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا، اختیار ولی خان

نوشہرہ: وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبرپختونخوا امور اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کو ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، ان شاء اللہ بہت جلد صوبے میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈاگئی، نوشہرہ میں ایک بڑے شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق چیئرمین واپڈا اور سابق نگران وزیراعلیٰ شمس الملک کے بھتیجے ولی عطاء اللہ نے اپنے خاندان اور ساتھیوں سمیت پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی۔

اختیار ولی خان نے نئے شامل ہونے والے افراد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شمولیت پارٹی کے لیے باعثِ تقویت ہے۔ انہوں نے اجتماع میں بڑی تعداد میں شرکت کرنے والے عوام اور کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنے خطاب میں انہوں نے سابقہ صوبائی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 13 برسوں کے دوران خیبرپختونخوا کے عوام سے کیے گئے متعدد وعدے پورے نہیں ہوئے۔ ان کے بقول نہ نیا پاکستان بنا، نہ نیا خیبرپختونخوا اور نہ ہی ریاستِ مدینہ کے تصور کو عملی شکل دی جا سکی۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ صوبے کو ترقیاتی منصوبوں، امن و امان کی بہتری اور عوامی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف مؤثر حکمت عملی، تعلیم کے فروغ اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں۔

انہوں نے قبائلی علاقوں میں آپریشن کے لیے مختص فنڈز کے استعمال سے متعلق بھی سوالات اٹھائے اور مطالبہ کیا کہ عوام کو ان رقوم کے استعمال اور ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان سے گزشتہ روز ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا کے سرکاری اسکولوں میں تہذیب و اخلاقیات کی تعلیم سے متعلق کلاسز شروع کرنے کی تجویز پیش کی ہے، تاکہ نئی نسل کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت کو فروغ دیا جا سکے۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نعروں کے بجائے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ جی ٹی روڈ کو تین رویہ بنانے کے منصوبے پر پیش رفت کی جائے گی اور اس کا افتتاح بھی جلد متوقع ہے۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ملک کی دفاعی صلاحیتوں کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ تنظیمی سرگرمیوں کو مزید فعال بنائیں اور آنے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاری ابھی سے شروع کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل اور مقامی سطح پر مؤثر نمائندگی کے لیے بلدیاتی نظام انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

More News