خیبرپختونخوا پولیس کو 10 جدید ایمبولینسز اور 8 اے پی سیز فراہم
پشاور: خیبرپختونخوا پولیس کو جدید سازوسامان سے لیس کرنے کے لیے 10 ایمبولینسز اور 8 بکتر بند گاڑیاں (اے پی سیز) مختلف ریجنز کے ضلعی پولیس افسران کے حوالے کر دی گئیں۔
سینٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ تقریب میں آئی جی خیبرپختونخوا پولیس ذوالفقار حمید نے گاڑیوں کی چابیاں متعلقہ افسران کے حوالے کیں۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جیز، ڈی آئی جیز اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
پولیس کے مطابق فراہم کردہ اے پی سیز میں 6 ضرب حیدر اور 2 ڈریگون کلاس گاڑیاں شامل ہیں۔ یہ گاڑیاں پشاور، چارسدہ، دیر بالا، دیر زیریں، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، ایبٹ آباد اور شانگلہ سمیت مختلف اضلاع میں پولیس کی ضروریات کے لیے فراہم کی گئی ہیں۔
آئی جی پی ذوالفقار حمید نے گاڑیوں کا معائنہ کیا اور کہا کہ جدید اے پی سیز آپریشنز اور ہنگامی حالات میں پولیس اہلکاروں کی محفوظ نقل و حرکت یقینی بنانے میں مدد دیں گی۔ ان کے مطابق طبی سہولیات سے آراستہ ایمبولینسز زخمی اہلکاروں کو بروقت ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے اور اسپتال منتقل کرنے میں معاون ثابت ہوں گی۔
ذوالفقار حمید نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس فرنٹ لائن فورس کا کردار ادا کر رہی ہے، اس لیے اہلکاروں کے تحفظ اور ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مزید سہولیات کے حصول کے لیے صوبائی حکومت کو تجاویز بھی ارسال کی گئی ہیں۔








