یومِ پاکستان پر نیا ملی نغمہ ’’میری مٹی میری جان‘‘ کا پرومو جاری
اسلام آباد: ویب ڈیسک
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے یومِ پاکستان کے موقع پر نیا ملی نغمہ ’’میری مٹی میری جان‘‘ کا پرومو ریلیز کر دیا گیا ہے، جسے عوامی سطح پر بھرپور پذیرائی ملنے کی توقع ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ نغمہ قومی جذبے، پاکستانیت اور اجتماعی فخر کی خوبصورت عکاسی کرتا ہے۔ اس سال عیدالفطر اور یومِ پاکستان 2026 کے ایک ساتھ آنے کے باعث اس نغمے کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے، جو قوم کے اتحاد اور خوشی کے لمحات کو اجاگر کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ نغمہ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی کے بعد قومی روح کو مزید تقویت دینے کی عکاسی کرتا ہے۔ دلکش کورس اور پُرجوش دھنوں سے مزین یہ گانا خاص طور پر نوجوان نسل کے جذبات کی ترجمانی کرتا ہے۔
نغمے کی جدید موسیقی اور منفرد انداز اسے نئی نسل کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا، جبکہ ماہرین کے مطابق یہ ملی نغمہ نہ صرف یومِ پاکستان بلکہ مستقبل میں بھی قومی یکجہتی، حب الوطنی اور فخر کی علامت کے طور پر گونجتا رہے گا۔








