شانگلہ: پورن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن، سیڑھیاں ٹوٹنے سے 8 بچے زخمی
شانگلہ: تحصیل پورن میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران عمارت کے ساتھ بنی سیڑھیاں ٹوٹنے سے ان پر موجود 8 بچے ندی میں جا گرے، جس کے نتیجے میں تمام بچے شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق تحصیل پورن میں اسسٹنٹ کمشنر کی نگرانی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری تھا کہ اس دوران ایک عمارت کے ساتھ پیوست سیڑھیاں ٹوٹ گئیں۔ سیڑھیوں پر موجود بچے توازن برقرار نہ رکھ سکے اور ندی میں جا گرے۔
ڈی پی او شانگلہ اکرام اللہ کے مطابق حادثے میں 8 بچے شدید زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال پورن منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کے بعد علاقے میں تشویش پھیل گئی۔ آپریشن کے دوران پیش آنے والے اس حادثے میں بچوں کے زخمی ہونے کے اسباب اور دیگر تفصیلات سے متعلق مزید معلومات سامنے آنا باقی ہیں۔








