صحت کی سہولیات میں غفلت پر کوئی رعایت نہیں ہوگی، ڈی سی لکی مروت شاہد رفیق
لکی مروت: ڈپٹی کمشنر لکی مروت شاہد رفیق نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال نورنگ کا دورہ کرتے ہوئے طبی اور انتظامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ کو مریضوں کے علاج معالجے میں بہتری لانے کی ہدایات جاری کردیں۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی، ادویات کے اسٹورز اور آپریشن تھیٹر سمیت مختلف شعبہ جات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ہسپتال میں زیرِ علاج مریضوں کی عیادت کی اور انہیں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور عملے کے رویے سے متعلق معلومات حاصل کیں۔
شاہد رفیق نے ہسپتال میں صفائی ستھرائی، طبی آلات کی دستیابی اور ڈاکٹروں سمیت پیرامیڈیکل اسٹاف کی حاضری کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مریضوں کو علاج معالجے کی سہولیات بروقت فراہم کی جائیں اور ادویات کی دستیابی یقینی بنائی جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ صحت کے شعبے میں غفلت اور لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور مریضوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنا متعلقہ عملے کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ پر زور دیا کہ عوامی شکایات کے ازالے، صفائی کے معیار اور طبی عملے کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق بنیادی اور ثانوی صحت کے مراکز کی کارکردگی بہتر بنانے اور عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے نگرانی کا عمل جاری رکھا جائے گا۔








