انگور اڈہ پر افغان طالبان کی جارحیت ناقابلِ برداشت ہے، ملکی خودمختاری پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، گورنر فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے لوئر جنوبی وزیرستان کے سرحدی علاقے انگور اڈہ بازار اور شہری گھروں پر افغان طالبان رجیم کی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ شہری آبادی اور انگور اڈہ بازار کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو فوری، بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے پر خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے افغان طالبان رجیم کو خبردار کیا کہ پاکستان اپنے عوام پر حملے اور ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی پاکستان کے عوام کو دھمکانے اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں جانوں کی قربانیاں دی ہیں، جبکہ پاکستانی قوم ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے پرعزم ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا بھرپور عزم اور ثابت قدمی سے جواب دیا جائے گا۔ وطن عزیز کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے مسلح افواج کو پوری قوم کی مکمل حمایت حاصل ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ کوئی دھمکی یا بزدلانہ کارروائی پاکستان کے دفاع کے قومی عزم کو کمزور نہیں کرسکتی۔ ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا ریاست کی اولین ترجیح ہے۔







