بدلتے موسم کے اثرات، کراچی میں نزلہ زکام اور فلو کے مریضوں میں اضافہ

بدلتے موسم کے اثرات، کراچی میں نزلہ زکام اور فلو کے مریضوں میں اضافہ

کراچی: ملک بھر میں موسم کی تبدیلی کے ساتھ موسمی بیماریوں میں اضافہ ہونے لگا ہے، خصوصاً کراچی میں نزلہ، زکام اور فلو کے مریضوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔ شہر کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں روزانہ بڑی تعداد میں شہری ان بیماریوں کی شکایت کے ساتھ پہنچ رہے ہیں۔

جناح ہسپتال کی ایمرجنسی کے انچارج ڈاکٹر عرفان کے مطابق ہسپتال میں روزانہ نزلہ و زکام کے 70 سے 80 مریض رپورٹ ہو رہے ہیں، جبکہ اس سے قبل یہ تعداد 40 سے 50 مریض یومیہ تھی۔ اس طرح مریضوں کی تعداد میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

دوسری جانب سول ہسپتال کراچی میں بھی نزلہ، زکام اور فلو کے مریضوں کی تعداد بڑھ گئی ہے۔ ہسپتال انتظامیہ اور طبی ذرائع کے مطابق روزانہ 30 سے 40 مریض ان شکایات کے ساتھ ہسپتال آ رہے ہیں، جبکہ پہلے یہ تعداد 15 سے 20 مریض یومیہ تک محدود تھی۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم میں اچانک تبدیلی نزلہ، زکام اور فلو کے کیسز میں اضافے کی ایک اہم وجہ ہے۔ شہریوں کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں، صفائی کا خیال رکھیں اور بیمار افراد سے قریبی رابطے میں احتیاط برتیں۔

ماہرین کے مطابق علامات برقرار رہنے یا شدت اختیار کرنے کی صورت میں مستند ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے تاکہ بروقت تشخیص اور مناسب علاج ممکن بنایا جا سکے۔

More News