خیبر: جمرود پولیس کی مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں، مشتبہ افراد اور بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی چیکنگ

خیبر: جمرود پولیس کی مختلف علاقوں میں ناکہ بندیاں، مشتبہ افراد اور بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی چیکنگ

خیبر: امن و امان کے قیام اور جرائم کی روک تھام کے لیے جمرود پولیس نے رات گئے مختلف علاقوں میں خصوصی ناکہ بندیاں کرتے ہوئے مشتبہ افراد، گاڑیوں اور بغیر رجسٹریشن موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خیبر وقار احمد کی خصوصی ہدایات پر ایس ایچ او جمرود عدنان آفریدی کی نگرانی میں تھانہ جمرود کی حدود میں سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے کے لیے مختلف اہم مقامات پر ناکہ بندیاں کی گئیں۔

پولیس نے کارروائی کے دوران کارخانوں، ٹیڈی بازار، نیو بائی پاس شاکس اور تختہ بیگ سمیت مختلف علاقوں میں مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھی اور مشتبہ افراد، گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی چیکنگ کی۔

پولیس حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت کی نگرانی، غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

جمرود پولیس نے واضح کیا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے خصوصی ناکہ بندیوں، گشت اور چیکنگ کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

More News