پاکستان اور سعودی عرب کا تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور سعودی عرب نے تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور سعودی سفیر ڈاکٹر راجح تامی البقمی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل معاونت کو سراہا اور کہا کہ ملک میں معاشی استحکام کی بحالی کے لیے پیش رفت جاری ہے۔ ان کے مطابق زرمبادلہ کے ذخائر اور مہنگائی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، جبکہ عالمی کریڈٹ ریٹنگ اداروں نے بھی پاکستان کی درجہ بندی بہتر کی ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ پاکستان نے عالمی سرمایہ منڈیوں تک دوبارہ رسائی حاصل کرلی ہے اور حال ہی میں 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز بھی جاری کیے ہیں۔ انہوں نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں پاکستان کی چین کی سرمایہ منڈی تک رسائی کی کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے زراعت، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا، جبکہ پاکستان کو علاقائی تجارت اور راہداری کا اہم مرکز بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل تعاون اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔








