خیبر سٹار ٹیلنٹ پروگرام: نوجوانوں کی صلاحیتیں عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ

خیبر سٹار ٹیلنٹ پروگرام: نوجوانوں کی صلاحیتیں عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا فیصلہ

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت خیبر سٹار ٹیلنٹ اینڈ کلچرل پروموشن پروگرام سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور خیبرپختونخوا کی ثقافت، روایات اور لسانی تنوع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور، سیکرٹری اطلاعات محمد بختیار خان، سیکرٹری کھیل محمد آصف اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر گورنر کو پروگرام کے اغراض و مقاصد، طریقہ کار، انتخاب کے مراحل اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پروگرام کے تحت صوبے کے مختلف اضلاع میں آڈیشن منعقد کیے جائیں گے، جبکہ شفاف انتخاب اور معیار کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ محکموں پر مشتمل کمیٹی بھی تشکیل دی جائے گی۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ پروگرام میں اردو سمیت خیبرپختونخوا میں بولی جانے والی تمام زبانوں کو نمائندگی دی جائے۔ انہوں نے آڈیشن میں سرائیکی زبان کو بھی شامل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سرائیکی سندھ، ڈیرہ اسماعیل خان اور پنجاب میں بھی بولی جانے والی اہم زبان ہے۔

More News