مولانا فضل الرحمان کو متنازع بیانات واپس لینا ہوں گے، طلال چوہدری
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ریاست، مسلح افواج اور شہداء کے معاملے پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، مولانا فضل الرحمان کو اپنے متنازع بیانات واپس لینا ہوں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان سے کسی کی ذاتی لڑائی نہیں، تاہم ریاست، مسلح افواج اور شہداء کے ساتھ کھڑے ہونا ضروری ہے۔ سیاست کا معیار اتنا نہیں گرانا چاہیے کہ شہادتوں کو بھی متنازع بنا دیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ شہادتوں کو سیاسی بحث کا موضوع بنانا مناسب نہیں۔ مولانا فضل الرحمان کی جماعت کے رہنماؤں کی جانب سے وضاحتیں سامنے آ رہی ہیں، تاہم اگر مولانا خود وضاحت پیش کریں تو معاملہ آگے بڑھ سکتا ہے۔
وزیر مملکت داخلہ نے مزید کہا کہ دہشت گرد کو دہشت گرد کہنا ہوگا اور دہشت گردی کی مذمت کے ساتھ ان کے خلاف کارروائیوں میں بھی حکومت کا ساتھ دینا ہوگا۔ ان کے مطابق حکومت کا مؤقف واضح ہے کہ دہشت گردی کے خلاف سب کو متحد ہونا چاہیے۔








