پاکستان اور سنگاپور کا تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق
پاکستان اور سنگاپور نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے اور مختلف شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویوین بالاکرشنن کے درمیان اسلام آباد میں ملاقات ہوئی، جس میں علاقائی و عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں ڈیجیٹل اکانومی، فن ٹیک، انفرااسٹرکچر، لاجسٹکس، مصنوعی ذہانت، زراعت اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سنگاپور کی اقتصادی ترقی اور جدت کو سراہتے ہوئے دوطرفہ اور آسیان کے پلیٹ فارم پر تعاون کو اہم قرار دیا۔
اس موقع پر پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) اور سنگاپور سول ڈیفنس فورس کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ بھی ہوا۔ معاہدے کے تحت قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی صورتحال کی تیاری، پیشگی اطلاع کے نظام اور سرچ اینڈ ریسکیو کی صلاحیتوں میں تعاون بڑھایا جائے گا، جبکہ مشترکہ تربیتی مشقیں بھی منعقد کی جائیں گی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سنگاپور کے وزیر خارجہ نے مشترکہ بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کے 60 سال مکمل ہونے کے موقع پر تجارتی و اقتصادی روابط کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔
اسحاق ڈار کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں، تعلیمی تعاون اور کاروباری روابط بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سنگاپور کے دورے کی دعوت قبول کرلی ہے۔








