ایبٹ آباد: دوہرے قتل کا نامزد ملزم آلہ قتل سمیت گرفتار
ایبٹ آباد میں چھانگلہ گلی پولیس نے دوہرے قتل کے مقدمے میں نامزد ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزم کی شناخت منظور شاہ کے نام سے ہوئی ہے، جس پر زمین کے تنازع پر دو بھائیوں کو قتل کرنے کا الزام ہے۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او تھانہ چھانگلہ گلی دلاور خان نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ ملزم دو بھائیوں کے قتل کے مقدمے میں نامزد تھا، جن میں تحسین شاہ بھی شامل تھے، جو سی سی ڈی پولیس راولپنڈی میں ملازم تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے سخت ناکہ بندی کی گئی اور مختلف مقامات پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ مسلسل کوششوں کے نتیجے میں پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔








