جنوبی وزیرستان: توئی خلہ میں دتہ خیل قبیلے کے ملکان کا جرگہ، امن اور ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو
جنوبی وزیرستان لوئر کے علاقے توئی خلہ میں دتہ خیل قبیلے کے ملکان کا جرگہ منعقد ہوا، جس میں قبائلی اصلاحات، مقامی مسائل، امن و امان اور عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگے کی صدارت مقامی ونگ کمانڈر نے کی۔ اس موقع پر ونگ کمانڈر نے دوتانی قبیلے کے نمائندے کی حیثیت سے ملک حاجی ظفر کے انتخاب پر قبائلی مشران کو مبارک باد پیش کی۔
جرگے سے خطاب کرتے ہوئے ونگ کمانڈر نے کہا کہ متعلقہ حکام کی منظوری کے بعد علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے قبائلی مشران پر زور دیا کہ وہ اپنے باہمی تنازعات افہام و تفہیم اور گفت و شنید کے ذریعے حل کریں تاکہ علاقے میں امن و استحکام برقرار رکھا جا سکے۔
اس موقع پر قبائلی ملکان نے ترقیاتی اقدامات کا خیرمقدم کیا اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
جرگے میں علاقے کے مسائل کے حل، قبائلی مشران کے کردار اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔








