داسو میں پاکستان کے طویل ترین آر سی سی آرچ پل کا افتتاح، 62 کلومیٹر شاہراہ کی تعمیر میں اہم پیش رفت
داسو: پاکستان کے آبی وسائل کے شعبے اور مواصلاتی ڈھانچے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت پاکستان کے طویل ترین آر سی سی آرچ پل کا افتتاح کر دیا گیا۔ یہ پل واپڈا کی 68 سالہ تاریخ میں تعمیر ہونے والا سب سے طویل پل قرار دیا گیا ہے۔
وزیر برائے آبی وسائل اور چیئرمین واپڈا نے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ کیا، جہاں جنرل منیجر و پراجیکٹ ڈائریکٹر عامر شفیق الرحمن نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر معزز مہمانوں نے منصوبے کے تحت تعمیر کیے گئے آر سی سی آرچ پل کا افتتاح کیا۔
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت واپڈا اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ 62 کلومیٹر طویل سی پیک معیار کی شاہراہ تعمیر کر رہا ہے۔ اس شاہراہ میں 18 سے زائد ٹریفک سرنگیں اور 10 سے زائد طویل پل شامل ہیں، جن کی تعمیر انتہائی دشوار گزار پہاڑی جغرافیے اور پیچیدہ ارضیاتی حالات میں جاری ہے۔
یہ شاہراہ قراقرم ہائی وے کے مشکل ترین حصوں میں مواصلاتی رابطوں کو بہتر بنانے کے لیے تعمیر کی جا رہی ہے۔ منصوبے کی تکمیل سے اسلام آباد سے گلگت بلتستان تک سفر زیادہ تیز، محفوظ اور آسان ہونے کی توقع ہے۔ اس کے علاوہ لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کی بندش کے مسائل میں بھی نمایاں کمی آنے کا امکان ہے۔
منصوبے سے نہ صرف مقامی آبادی کو آمدورفت کی بہتر سہولیات میسر آئیں گی بلکہ خطے میں تجارت، سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔ بہتر سڑکوں، سرنگوں اور پلوں کی تعمیر سے شمالی علاقوں تک رسائی میں آسانی پیدا ہوگی۔
اس موقع پر جنرل منیجر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ عامر شفیق الرحمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واپڈا جدید انجینئرنگ تقاضوں اور عالمی معیار کے مطابق اس اہم قومی منصوبے کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہے۔
داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے تحت تعمیر ہونے والی یہ شاہراہ اور اس کے پل خطے کے مواصلاتی انفراسٹرکچر کی بہتری میں اہم کردار ادا کریں گے۔








