جنگ کا خاتمہ ہماری شرائط پر ہوگا، ایران کا دوٹوک مؤقف
ویب ڈیسک:
ایران نے امریکا کی جانب سے جنگ بندی کی تجاویز مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جنگ کا خاتمہ صرف اس کی اپنی شرائط پر ہی ممکن ہوگا، اس سے پہلے کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہوں گے۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق ایرانی سرکاری میڈیا سے گفتگو میں ایک سینئر عہدیدار نے امریکی تجاویز کو غیر متوازن اور یکطرفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کسی دباؤ میں آ کر فیصلہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ جب تک ایران کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے، دفاعی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ایران نے جنگ بندی کیلئے پانچ نکاتی شرائط بھی پیش کر دی ہیں جن میں فوری جنگ بندی، مستقبل میں حملوں کی ضمانت، جنگی نقصانات کا معاوضہ، خطے میں اتحادی گروہوں کے خلاف کارروائیوں کا خاتمہ اور آبنائے ہرمز پر ایران کے اختیار کو تسلیم کرنا شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکا کی جانب سے جنگ بندی کی تجویز ایران تک پہنچائی گئی تھی، جس میں پاکستان اور ترکیہ کی ممکنہ ثالثی بھی زیر غور ہے، تاہم تاحال امریکا کی جانب سے ایرانی شرائط پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔








